شاہد آفریدی کا ایک بار پھر ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف لارڈز ٹیسٹ 150رنز سے جیت لیا پاک آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز آسٹریلیا کو 1-0کی برتری سلمان بٹ اور سائمن کیٹچ مین آف دی میچ قرار لارڈز۔آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف پہلا ٹیسٹ 150رنز سے جیت لیا ہے سلمان بٹ اور سائمن کیٹچ کو مشترکہ طور پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا ہے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں خراب کارکردگی کے باعث ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان بھی کر دیا ہے ۔انگلینڈ میں کھیلے جانے والے لارڈز ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو ایک سو پچاس رن سے شکست دے دی ہے۔پاکستان آسٹریلیا کی جانب سے چار سو چالیس رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے میچ کے چوتھے روز دو سو نواسی رن بنا کر آؤٹ ہو گئی۔آسٹریلیا کی جانب سے سپنر نارتھ نے اٹھارہ اعشاریہ ایک اوور میں پچپن رن دے کر چھ وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے علاوہ سمتھ نے تین وکٹیں حاصل کیں اور ہلفنہوس نے ایک وکٹ حاصل کی۔پاکستان کی جانب سے نمایاں بیٹنگ سلمان بٹ نے کی جنہوں نے 92 رن بنائے۔پاکستان کے پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی عمران فرحت تھیجو چوبیس رنز بنا کر سمتھ کی گیند پر واٹسن کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔پاکستان کی دوسری وکٹ اْس وقت گری جب اظہر علی بیالس رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پاکستانی کی تیسری وکٹ اْس وقت گری جب اوپنر سلمان بٹ چودہ چوکوں کی مدد سے بانوے رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔پاکستانی کی چوتھی وکٹ اْس وقت گری جب عمر اکمل بائیس رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ دو سو ستائیس رنز کے مجموعی سکور پر پاکستان کی پانچویں وکٹ گری جب عمر امین تینتیس رنز بنا کر آؤٹ ہوئے انہیں بھی ایم جے نارتھ نے آؤٹ کیا۔دو سو انتیس رنز کے مجموعی سکور پر پاکستان کی چھٹی وکٹ گری جب کپتان شاہد آفریدی دو رنز بنا کر آؤٹ ہوئے انہیں ایم جے نارتھ نے آؤٹ کیا۔اس کے بعد کامران اکمل نے 46 رن بنائے اور محمد عامر صرف انیس رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔پاکستان کے آؤٹ ہونے والے نویں کھلاڑی عمر گل تھے جنہوں نے ایک رن بنایا اور آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کنیریا تھے جنہوں نے صرف دو رن بنائے۔اس سے پہلے کھانے کے وقفے کے بعد آسٹریلوی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں تین سو چونتیس رن بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی اور یوں اس نے پاکستان کو پہلا ٹیسٹ میچ جیتنے کے لیے چار سو چالیس رنز کا ہدف فراہم کیا تھا۔آسٹریلیا کے آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی ڈگ بولنجر تھے جنہیں دانش کنیریا نے بولڈ کیا۔آسٹریلوی اننگز کی خاص بات اوپنر سائمن کیٹچ اور آخری نمبر پر آنے والے بلے بازوں ٹم پین اور بل ہلفنہاس کی عمدہ بلے بازی تھی۔ کیٹچ تراسی اور پین سینتالیس رن بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ بل ہلفنہاس ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی پہلی نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد چھپن رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔پاکستان کی جانب سے عمرگل سب سے کامیاب بالر رہے، انہوں نے چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد آصف نے تین، دانش کنیریا نے دو اور شاہد آفریدی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز میں دو سو ترپّن رنز سکور کیے تھے جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں ایک سو اڑتالیس رن بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی اور یوں آسٹریلیا کو پاکستان پر ایک سو پانچ رن کی ابتدائی برتری حاصل ہوئی تھی۔پاکستان کے سلمان بٹ اور آسٹریلیا سائمن کیٹچ کو مشترکہ مین اف دی میچ قرار دیا گیا جبکہ آسٹریلیا نے سیریز میں 1-0کی برتری حاصل کر لی ہے ادھر ایک نجی ٹی وی کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر منٹ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔