حکومت اگلے تین سال تک بھی لوڈشیڈنگ پر قابو نہیں پاسکتی ۔۔خواجہ آصف

اسلام آباد ۔( اردو ویب نیوز ) وفاقی وزیرِ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بجلی بحران ختم کرنے میں تقریباً 3 سال کا عرصہ لگ سکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت اگلے تین سال تک بھی لوڈشیڈنگ پر قابو نہیں پاسکتی ۔ایک ٹی وی گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں بلا تفریق بجلی فراہم کی جارہی ہے اور جو بجلی کا بل ادا کرے گا صرف اسے ہی بجلی فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وفاق کا کے الیکٹرک سے 650 میگا واٹ بجلی کا معاہدہ ختم ہونے کے بعد کراچی کو بجلی فراہم کرنے کے پابند نہیں، کراچی کو سستی بجلی فراہم کی جارہی ہے وہاں بجلی بحران کا کوئی خدشہ نہیں ہے۔خواجہ آصف نے کہا کہ الیکٹرک سے نئی شرائط سے معاہدہ ہوگا اور اس میں شہر کی آبادی کے تمام مفادات کو مد نظر رکھا جائے گا، کراچی کو پہلے بھی بجلی دی اب بھی دیں گے۔ گزشتہ روز بلیک آؤٹ کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ نصیر آباد میں بجلی کی ٹرانسمیشن لائن کو اڑایا گیا تھا اور بجلی بحران دہشت گردی کے باعث ہوا ۔ایک پریس کانفرنس میں وزیرِ پانی وبجلی نے مزید کہا کہ بجلی کا بحران موجود ہے اور اس وجہ سے پورے ملک میں یکساں لوڈشیڈنگ کی جائے گی اور آئندہ چند دنوں میں صنعتوں کی لوڈ شیڈنگ ختم کر دی جائے گی۔