بھارت کے دہشتگردی میں ملوث ہونے کے ثبوت امریکا کے حوالے کر دئے گئے

اسلام آباد ( اردو ویب نیوز ) پاکستان نے امریکا کو پاکستان میں دہشتگردی میں ملوث بھارتی مداخلت کے ثبوت فراہم کر دیئے ہیں ۔سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کو بتایا گیا ہے کہ ا مریکا نے ملا فضل اللہ کو مارنے یا زندہ گرفتار کرنے کے لیے پاکستان کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرا دی ہے ۔گزشتہ روز سینیٹر مشاہد حسین سید کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ کمیٹی کو آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے دورہ امریکا اور پاک امریکا دفاعی مشاورتی گروپ کے اجلاس سے متعلق ان کیمرا بریفنگ دی گئی۔ سیکریٹری دفاع نے کمیٹی کو بتایا کہ امریکانے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے مختص اتحادی فنڈ میں توسیع کر دی ہے اور پاکستان کواس مد میں ایک ارب ڈالر ملیں گے۔