چوہدری شجاعت حسین کی 69 ویں سالگرہ مسلم لیگ ہاؤس میں منائی گئی

چوہدری امتیاز رانجھا، مسز فرخ خان، فقیر بخاری سمیت مسلم لیگی راہنماؤں کا خراج تحسین
اسلام آباد ۔( ویب ڈیسک ، اردو ویب نیوز ) پاکستان مسلم لیگ کے صدر اور سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین کی69ویں سالگرہ کے موقع پر مسلم لیگ ہاؤس میں پروقار تقریب منعقد ہوئی، اس موقع پر سینئر نائب صدر چوہدری امتیازرانجھا نے مسلم لیگی صدر کی سیاسی و سماجی خدمات کو اعلیٰ الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ ملکی سیاسی صورتحال میں چوہدری شجاعت حسین جیسی مدبر ، بردبار اور انسان دوست شخصیت کی موجودگی پاکستان کیلئے باعثِ فخر ہے،چوہدری امیتاز رانجھا نے چوہدری شجاعت حسین کے دورِ حکومت کے اہم ترین اقدامات میں اخباری مالکان و دیگر کوسیٹلائٹ ٹی وی چینلزکے لائسنس کا اجراء،تجارتی پالیسی برائے سال 2004۔2005، فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے تحت سرکاری ملازمتوں کیلئے مواقعوں کی فراہمی اورپاکستان کی ویزہ پالیسی پر نظرثانی کو سرفہرست قرار دیا۔مسلم لیگی راہنماء کا کہنا تھا کہ چوہدری شجاعت نے ہمیشہ وفاق کو مضبوط کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا، حکومت میں ہوتے ہوئے چھوٹے صوبے سے وزیراعظم منتخب کرانے کیلئے راہ ہموار کی جبکہ اپوزیشن میں رہتے ہوئے آرمی پبلک سکول پشاور پر دہشت گردانہ حملے کے بعد قومی ایکشن پلان پر قومی سیاسی جماعتوں کو متفق کرنے میں قائدانہ کردار ادا کیا جسکا اعتراف وزیراعظم پاکستان نے سینیٹ سے اپنے خطاب میں اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کیا۔ شعبہ خواتین کی صدرمسز فرخ خان نے کہا کہ چوہدری شجاعت کی شخصیت کا ایک قابل تحسین پہلو خواتین کے حقوق کیلئے آواز بلند کرنا بھی ہے۔اس موقع پرمرکزی سینیئر نائب صدر سید فقیر حسین بخاری، صدر فیڈرل کیپیٹل رضوان صادق خان، سینیئر نائب صدرشعبہ خواتین مسز رفعت سرور، جنرل سیکرٹری فوزیہ ناز ، زاہدہ شوکت، بشریٰ صدیقی، لبنیٰ قریشی، مسرت جاویدنے عمردرازی کیلئے دعا کرتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا، تقریب میں شرکت کیلئے چوہدری شہباز نائب صدر گجرات اور عدنا ن مظفر نائب صدر نیویارک نے امریکہ سے خصوصی طور پر شرکت کی۔